دبئی میں نیو مسٹر اولمپیا این بی بی یو آئی 2026 مقابلوں کا اعلان
دبئی (سید مدثر خوشنود) دبئی میں عالمی سطح کے باڈی بلڈنگ مقابلے نیو مسٹر اولمپیا این بی بی یو آئی 2026 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان پریس کانفرنس کے ذریعے کر دیا گیا۔
کھلاڑیوں، منتظمین اور شائقینِ کھیل نے اس ایونٹ کو پہلے ہی کامیاب قرار دینا شروع کر دیا ہے، تقریب میں دنیا بھر سے آئے ایتھلیٹس نے اپنی تیاریوں اور صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا۔
منتظمین کے مطابق 3 روزہ مقابلوں میں مختلف کیٹیگریز کے عالمی سطح کے باڈی بلڈرز شرکت کریں گے، جس سے نہ صرف کھیلوں کے شعبے کو فروغ ملے گا بلکہ دبئی کی حیثیت ایک بین الاقوامی اسپورٹس حب کے طور پر مزید مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سردار اسلم سرکانی، چیف آرگنائزر عمران بھٹی، فیصل امین اور دیگر منتظمین نے کہا کہ اس مقابلے کے کامیاب انعقاد سے پاکستان سمیت خطے کے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا اہم موقع ملے گا، جبکہ مستقبل میں اس ایونٹ کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا بھی ارادہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں اور شائقین نے دبئی میں سپورٹس سرگرمیوں کے تسلسل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے عالمی مقابلے نہ صرف کھیل بلکہ سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے، جس سے خطے میں کھیلوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔