پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ملائیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پول بی کے میچ میں ملائیشیا نے 9ویں منٹ میں محمد صالحی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چند منٹوں میں چار گول داغ دیے۔ 32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا، جبکہ 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔

پاکستان کے رانا ولید نے 39ویں اور 40ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے پاکستان کی گرفت مضبوط کردی۔ 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کرکے اسکور 1-5 کردیا۔

ملائیشیا کی جانب سے گناسیلن دھیرش نے 54ویں منٹ میں دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے میچ کے اختتام تک برتری برقرار رکھتے ہوئے 2-5 سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے دو گول اسکور کیے جبکہ علی حمزہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری فتح حاصل کرچکا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار کامیابی پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...