لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج بھی طوفانی بارشیں متوقع

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج بھی طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور گجرات میں بارشیں ہوں گی۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن اور ساہیوال میں بھی بادل برسیں گے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ کل سے بارشوں کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں