پی ٹی آئی کا آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگانےکا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی آج احتجاجاً بھوک ہڑتال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بھوک ہڑتالی کیمپ آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دوپہر تین بجے لگایا جائے گا، بھوک ہڑتالی کیمپ کی قیادت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کریں گے، آج علامتی بھوک ہڑتال ہوگی جبکہ حکومتی انتقامی کارروائیوں کے خلاف ردعمل بھی دیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر سمیت تمام ارکان پارلیمنٹ بھوک ہڑتال کریں گے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈ شبلی فراز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ میں شریک ہوں گے، دوپہر 3 بجے سے شام 7 بجے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

بھوک ہڑتالی کیمپ میں ارکان پارلیمان کو پارٹی وفاداریاں نہ بدلنے پر مقدمات کی دھمکیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر بھوک ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان خود بھی بھوک ہڑتال کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں