لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کل سے شروع ہونے والے بارشوں کے سپیل کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح بوندا باندی ہوئی جس کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گگومنڈی، عارف والا، بہاولنگر، حجرہ شاہ مقیم اور رینالہ خورد سمیت گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں بھی بادل جم کر برسے جس سے جل تھل ایک ہو گیا اور درجہ حرارت میں کمی آنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا موسم آج بھی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ حبس اور گرمی کی شدت بھی موجود رہے گی، دن کے مختلف اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ رات گئے کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی تک جا سکتا ہے، گزشتہ روز کے مقابلے آج ہوا کم رفتار سے چلے گی جبکہ آئندہ چند روز بھی موسم ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں