نیپال : اڑان بھرنے کے فوری بعد جہاز میں آگ لگ گئی ، 18افراد ہلاک

کھٹمنڈو:(دنیا نیوز ) نیپال میں ایک طیارہ کے اڑان بھرنے کے فوری بعد جہاز میں آگ لگ گئی ، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ساؤریا ائیرلائن کے ائیرکرافٹ کو حادثہ کھٹمنڈو کے تربھون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیش آیا جہاں بدھ کے روز صبح 11 بجے کے وقت طیارے نے اڑان بھری تو وہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق طیارے میں کریو ممبران سمیت 19 افراد سوار تھے جن میں سے 18 کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ حادثے کے بعد کھٹمنڈو کے تربھون انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ طیارہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم حادثے میں مرنے والوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پائلٹ کو زخمی حالت میں طیارے سے باہر نکالا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ اڑان بھرتے وقت رن وے پر پھسلنے سے حادثے کا شکار ہوا جس کے بعد طیارے نے فوری آگ پکڑلی، حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور لاشوں کو طیارے سے باہر نکالا۔

  عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارے نے رن وے سے اڑان بھرنے کی کوشش کی تو اس کا ایک پر زمین سے جالگا جس پر طیارے نے آگ پکڑلی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا طیارہ جل گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں