انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کیخلاف درخواست پیر کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کے خلاف درخواست پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔

رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ درخواست سماعت کے لئے مقرر کی، چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے والی فائر وال کی تنصیب کو روکا جائے، فائر وال کی تنصیب تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے مشروط قرار دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ذریعہ معاش کیلئے انٹرنیٹ تک رسائی کو آئین کے تحت انسانی بنیادی حقوق قرار دیا جائے، فریقین سے فائر وال سے متعلق تمام تفصیلات پر مبنی رپورٹ طلب کی جائے، درخواست پر فیصلہ ہونے تک فائر وال کی تنصیب کا عمل معطل کردیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہریوں کی بلا تعطل انٹرنیٹ تک رسائی کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے جائیں، درخواست میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری آئی ٹی ٹی، سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے، پی ٹی اے، وزارت انسانی حقوق بھی فریقین میں شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں