ندی نالوں میں طغیانی: مریم نواز کی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے مختلف اضلاع میں زیر آب آنے والے نشیبی علاقوں کے مکینوں کی معاونت اور نارووال، سیالکوٹ، شکر گڑھ سمیت دیگر شہروں میں سیلابی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کردی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں سے مکینوں کو بروقت ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے، دیہات میں مال مویشی بھی سیلاب سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کردیئے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپوں میں سانپ کے کاٹنے پر درکار ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقوں میں ٹریفک کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے، اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی بھرپور مانیٹرنگ کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں