نادرا کے سول رجسٹریشن اور اہم اعداد و شمار کے ابتدائی منصوبے پر عملدرآمد شروع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا کی طرف سے سول رجسٹریشن اور اہم اعداد و شمار (سی آر وی ایس) کے ابتدائی منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔

منصوبے کے تحت پیدائش، شادی، طلاق اور اموات کی رجسٹریشن کو بہتر بنایا جائے گا، بنیادی مقصد صوبائی اور وفاقی حکام کے درمیان ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ڈیٹا کو مربوط بنانا ہے۔

شہریوں کی بھرپور سہولت یقینی بنانے کے اس منصوبہ کو تین مراحل میں دو سال کے اندر مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 10 ہسپتالوں میں پیدائش اور موت کی اطلاع کے آلات متعارف کرائے جائیں گے، پیدائشی سرٹیفکیٹ کے لیے ایس ایم ایس الرٹس بھجوائے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے میں اس نظام کوملک کے 25 فیصد سرکاری صحت کے مراکز تک توسیع دی جائے گی، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کو بھی ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

تیسرے مرحلے میں 90 فیصد صحت کے مراکز کا احاطہ کیا جائے گا، تمام ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلز کو بھی شامل کیا جائے گا۔

نادرا اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپلی کیشن بھی تیار کر رہا ہے، وفاقی اور صوبائی رجسٹریشن سسٹمز کو مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری قانون سازی کی اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں