ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے متحد ہوکر لڑنا ہوگا: فیصل کریم کنڈی

حیدر آباد: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔

حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحہ کارساز کو پاکستانی تاریخ کا المناک اور افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

اپنے خطاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ 18اکتوبر 2007ء کا دن پاکستانی سیاست میں جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والے بہادر لوگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے بے خوف ہو کر ایک عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف جمہوریت کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کی علامت ہے، آج کے دن پاکستان بھر سے خواتین، بچے بوڑھے اپنی لیڈر کا استقبال کرنے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے تھے اور یہ بات جہموریت کے دشمنوں سے ہضم نہیں ہوئی اور پوری قوم کی خوشی کو ماتم میں بدل دیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم جمہوری اقدار، انصاف اور امن کے فروغ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے بھی اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں