جسٹس منصور علی شاہ ہی آئندہ چیف جسٹس ہوں گے: فواد چودھری

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ ہی آئندہ چیف جسٹس ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں فواد چودھری نے واضح کیا کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کے مسودے میں ہائیکورٹ ججز کی تقرری اور کارکردگی کا نظام وضع ہے جو درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا تقرر اب سنیارٹی کے اصول پر نہیں ہوگا لیکن 12 رکنی کمیٹی میں دو تہائی اکثریت چاہیے جو اپوزیشن کے بغیر نہیں مل سکتی لہٰذا چیف جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے باور کرایا کہ آئینی بنچ کا تصور برا نہیں ہے اگر رولز بنا کر بنچز میں تقرری کے اصول طے ہوجائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

فواد چودھری نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے یہ ترمیم نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اس ترمیم کیلئے جو مار دھاڑ، خوف پیدا کیا وہ سمجھ سے باہر ہے، یہ ترمیم تو ویسے ہی بات چیت سے ہو سکتی تھی، پاکستان کو پوری دنیا میں ایسے بدنام کرنے کی کیا ضرورت تھی؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں