بیرون ملک جانیوالوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا معاملہ حل
اسلام آباد: (عادل تنولی) بیرون ملک جانے والوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا معاملہ حل ہو گیا۔
نئے جدید پاسپورٹ پرنٹرز کی انسٹالیشن کا عمل مکمل ہوگیا ، نئے پرنٹرز آنے سے محکمہ پاسپورٹس کی پرنٹنگ صلاحیت دو گنا ہوگئی۔
پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ 10 نئے پرنٹرز کی مدد سے پروڈکشن صلاحیت میں 2 گنا اضافہ ہوا، روزانہ کی بنیاد پر 40 ہزار پاسپورٹس پرنٹ کیے جا رہے ہیں، اس سے قبل یومیہ صلاحیت 20 ہزار پاسپورٹس تھی۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے بتایا گیا ہے کہ 7 مزید جدید مشینیں جلد ہی پاسپورٹس ہیڈکوارٹرز پہنچیں گی، ای پاسپورٹس کی پرنٹنگ کے لیے بھی دو پرنٹرز منگوائے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید پرنٹرز آنے سے پرنٹنگ صلاحیت میں حیران کن حد تک اضافہ دیکھنے کو ملے گا، صلاحیت میں اضافے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر بیک لاگ ختم کر رہے ہیں۔