کینیڈا کا ٹک ٹاک کو اپنی سرزمین پر بزنس آپریشنز بند کرنے کا حکم
ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا نے ٹک ٹاک کو اپنی سرزمین پر تمام بزنس آپریشنز بند کرنے کا حکم دے دیا۔
کینیڈا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس کو ’’قومی سلامتی کیلئے خطرہ‘‘ قرار دیکر یہ فیصلہ کیا گیا، اس اقدام کے بعد ٹک ٹاک کو کینیڈین سرزمین پر اپنا کاروبار بند کرنے کیلئے مجبور کیا جائے گا مگر وہاں ویڈیو شیئرنگ ایپ کے استعمال پر پابندی عائد نہیں کی جا رہی۔
کینیڈا کے وزیر سائنس و صنعت François-Philippe Champagne نے کہا کہ ’’بائیٹ ڈانس کے آپریشنز سے قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں‘‘، یہ فیصلہ ان شواہد اور تفصیلات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا جن کو کینیڈا کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس کمیونٹی اور دیگر حکومتی شراکت داروں کے مشورے کے بعد اکٹھا کیا گیا۔
اس سے قبل کینیڈا نے حکومتی ڈیوائسز پر ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے کینیڈا کے حکم کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک کے کینیڈا میں موجود دفاتر کی بندش اور سیکڑوں مقامی ملازمتوں کو ختم کرنا کسی کے مفاد میں نہیں، ہم اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔