اعظم نذیر کی قطری وزیر انصاف سے ملاقات، قانون کی حکمرانی کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی قطر کے وزیر انصاف اور کابینہ امور کے وزیر مملکت ابراہیم بن علی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات دوحہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے انسداد بدعنوانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دوسری وزارتی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

وزارت قانون کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے قانونی اور عدالتی اصلاحات، بدعنوانی کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے میں بہترین طریقوں کے تبادلے اور قانونی شعبوں میں علم و مہارت کی شراکت کے لئے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اس موقع پر علاقائی اور عالمی سطح پر بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لئے مشترکہ عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

دونوں وزراء نے اسلامی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں کثیر الجہتی تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کیا اور باہمی مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں