میرا ریکارڈ خراب، نہ جانے کب حکومت چھوڑ دیں: خالد مقبول صدیقی
کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دے دیا۔
نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کورنگی میں آئی ٹی لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نہ جانے کب حکومت چھوڑ دیں، حکومت چھوڑنے میں میرا ریکارڈ بہت خراب ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے کبھی نہیں کہا وہ ہمارے سینیٹر ہیں، جس حکومت میں بلدیاتی معاملات خود مختار نہ ہوں ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی شہر کی تعمیر اور اس سے محبت کرنا ہوگی، جب تک خوشحالی کراچی میں نہیں آئے گی ملک خوشحال نہیں ہوگا، دعا کریں کراچی بھی اسلام آباد جیسا ہوجائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی اختیارات ایک دھوکہ ہے، نئے پاکستان کی تعمیر کے لیے نئے انداز سے سوچیں، کراچی چل رہا ہے تو ملک پل رہا ہے، جب کراچی کو بائی پاس کیا، پاکستان کی ترقی بائی پاس ہوئی۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ جو ادارے کراچی سے ختم کرنے کی سازش کی گئی وہ کسی صوبے نہیں بنگلادیش چلے گئے، کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔