پاک بحریہ کے حفاظتی حصار میں تیل کے جہاز فجیرا سے کراچی منتقل
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرا سے 2 جہاز 10 سے 12 کروڑ لٹر تیل کے ساتھ کراچی پہنچ گئے۔
پی این ایس سی کے حکام نے تصدیق کی کہ دونوں جہازوں نے مقررہ مقدار میں تیل لے کر کراچی کی بندرگاہ پر کامیابی کے ساتھ پہنچایا، فجیرا میں حالیہ دنوں میں جہازوں پر حملوں کے بعد یہ محفوظ منتقلی انتہائی ضروری تھی۔
وزیر میری ٹائم جنید انور نے کہا کہ جہازوں کی محفوظ منتقلی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہیں اور ان کے شکر گزار ہیں، وزارت خارجہ کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ خلیج فارس میں پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالنے کے لیے ایران سے رابطے کیے جائیں۔
پی این ایس سی حکام کے مطابق یہ تیل ملکی ضروریات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی بروقت دستیابی توانائی کے شعبے میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
خیال رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز بند کر رکھی ہے اور ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ نے اپنے پہلے پیغام میں بھی یہی کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہنی چاہئے۔