وزیراعلیٰ پنجاب کی مثالی گاؤں منصوبے کے دوسرے مرحلے کی منظوری
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مثالی گاؤں منصوبے کے دوسرے مرحلے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے دیہی علاقوں کی بہتری کے لیے مثالی گاؤں اور صاف پانی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مزید 7500 دیہات کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 485 دیہات پر کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت دیہات میں واٹر سپلائی، سولر سسٹم ٹیوب ویلز، نکاسی آب کے نظام اور گندے پانی کے تالابوں کی صفائی شامل ہے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ دیہات میں گندے پانی کے تالابوں (چھپڑ) کی صفائی 30 جون تک مکمل کی جائے، جبکہ 31 اگست تک سیپٹک ٹینکس کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، سیپٹک ٹینکس سے صاف ہونے والا پانی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کہ مثالی گاؤں منصوبے کے پہلے مرحلے پر 59 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبے کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے اور ہر گاؤں کی پہلے اور بعد کی ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت اور بحالی، اور آلودہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا، اس سلسلے میں شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1336 بھی قائم کی گئی ہے۔
مزید برآں خوشاب، چشتیاں اور راجن پور میں جاری منصوبوں پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ بوٹلنگ پلانٹس اور واٹر سپلائی سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔