اسرائیلی بربریت کے خلاف 11 اپریل کو لاہور میں مارچ کریں گے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور:(دنیا نیوز)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف گیارہ اپریل کو لاہور میں بڑا مارچ کریں گے۔
لاہور منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی دہشت گردی کا سب سے بڑا سپورٹرامریکا، برطانیہ ہیں، مغربی ممالک کےباضمیر لوگ اسرائیلی بربریت پر احتجاج کر رہے ہیں،غزہ کوملبےکا ڈھیربنا دیا گیا ہے، غزہ کےسارے ہسپتال تہس نہس کردیئےاوردنیا میں خاموشی ہے، مسلم ممالک نے بےحسی کی چادراوڑھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، امریکا انسانی حقوق کی باتیں کرتا ہے، حماس کےہاتھوں اگر4بچےبھی ہلاک ہو جاتے توامریکا دنیا میں طوفان کھڑا کرتا، اسرائیلی مظالم پر دنیا بھرمیں خاموشی ہے،پاکستان کےحکمران،اپوزیشن جماعتیں انجمن غلامان امریکا بنی ہوئی ہیں، امریکیوں کےبوٹ پالش کرنےسےکسی کوکچھ نہیں ملےگا، امریکا کسی کا دوست نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکا،اسرائیل کا ساتھ دینے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرےگی، پونے دو سال سےغزہ پربمباری ہورہی ہے، غزہ کا پانی بند کردیا گیا ہے، روزمحشراس خاموشی کا جواب دینا پڑے گا، اسرائیلی بربریت کا پاکستان کوبھرپورجواب دینا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف آج سےپورے پاکستان میں جلسے،مارچ شروع کررہےہیں، گیارہ اپریل کو لاہور میں بڑا مارچ کریں گے، یہ ماضی کےمقابلےمیں بہت بڑا اور امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد کراچی میں مارچ ہوگا،آج سے اپنی تمام معمول کی سرگرمیاں معطل کر رہے ہیں، آج سے پورے پاکستان میں عوامی مہم شروع کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پوری دنیا ڈونلڈ ٹرمپ کا گھیراؤ کرے، ہمیں اپنے حصے کا کردارادا کرنا ہے،اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل کے نام پیٹیشن دائر کریں گے، حکمران ،وکلا،کسان،مزدوروں کے پاس بھی جائیں گے،ہم دنیا کوپیغام دیں گےزندہ قوم ہےاورفلسطینیوں کےساتھ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نےاسرائیل کا دورہ کیا انہیں گرفتارکیا جائے، دورہ کرنے والوں سے پوچھا جائے کس کے کہنے پر اسرائیل کا دورہ کیا، آخر میں ان کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی زیادہ ہونی چاہیے۔