کراچی میں ایک اور بچی کھلے گٹر میں گر گئی، راہگیر نے بچا لیا

کراچی: (دنیا نیوز) شہرِ قائد میں ایک اور بچی کھلے گٹر میں گر گئی تاہم راہ گیر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ننھی جان کو بچا لیا۔

منگھوپیر کے علاقے گرم چشمہ کے قریب نجی سکول کی پہلی جماعت کی طالبہ بغیر ڈھکن کے گٹر میں جاگری مگر جائے وقوعہ سے گزرنے والے راہ گیر نے فوری طور پر مدد کرتے ہوئے بچی کو گٹر سے باہر نکال لیا، بچی کی شناخت عنایہ امین کے نام سے ہوئی ہے جو چھٹی کے بعد گھر جا رہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق بچی کے گرنے کے فوراً بعد شہری کی بہادری نے ممکنہ سانحہ ٹال دیا، اہلِ علاقہ نے اس واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلے مین ہولز بچوں کی جانوں کے لیے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل گلشن اقبال کے نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ ابراہیم کھلے گٹر میں گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا، بچے کے لاپتا ہونے کے بعد اہلخانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی تاہم تقریباً 14 گھنٹے بعد بچے کی لاش جائے حادثہ سے ایک کلومیٹر دور نالے سے ملی تھی، بچے کی والدہ کی دہائی پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس نے شہریوں اور حکام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

اس سانحے کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ابراہیم کے گھر جاکر واقعہ کی ذمہ داری قبول کی اور اہلخانہ سے معافی مانگی، اس واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ کے ایم سی نے سیکرٹری بلدیات کو ارسال کی تھی، جس میں بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں