فیلڈ مارشل اور ایئر چیف مارشل کو مبارکباد، وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنائینگے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے تاریخی تقرر پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ قوم کی سلامتی کے محافظ کے طور پر ان کی قیادت نے ہماری بہادر مسلح افواج کو معرکہ حق میں فیصلہ کن فتح کی جانب رہنمائی کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ جنگ کے دوران ان کی جرات مندانہ اور بہادرانہ قیادت کو یاد رکھیں گے، وہ قیادت جس نے مسلح افواج کو متحد کیا، پوری قوم کو ایک قیادت تلے جمع کیا، اور وطنِ عزیز کے لیے تاریخی کامیابی کو یقینی بنایا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، قدرتی آفات سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں توسیع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی مثالی قیادت میں پاک فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے سات طیارے اور جدید میزائل ڈیفنس سسٹم تباہ کیے، اور پاکستان کی فضائی برتری کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام قومی ادارے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں، ہم مل کر اپنے وطن کے دفاع کو حقیقی معنوں میں ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔