آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا

مظفرآباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمیشن کی تقرری بارے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے مشاورت کا آغاز کیا جائے، آئین کے تحت وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے اس پر مشاورت اپوزیشن لیڈر سے لازمی قرار دی گئی ہے۔

شاہ غلام قادر نے خط میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا منصب عرصہ سے خالی چلا آرہا ہے، ریاست کے انتخابی عمل اور آئینی ذمہ داریوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ آمدہ انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کا تقرر لازمی ہے، آئینی تقاضوں کے مطابق آئینی تقرری کو مزید تاخیر کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔

شاہ غلام قادر نے خط میں کہا کہ آئینی مشاورت کے تقاضے پورے کر کے فوری مشاورت کا آغاز کیا جائے، ہنگامی میٹنگ کے انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کیئے جائیں، یہ منصب ریاستی ڈھانچے کا بنیادی ستون ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں