لودھراں میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا

کہروڑ پکا، لودھراں: (دنیا نیوز) پنجاب کے شہر لودھراں میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

افسوسناک واقعہ کہروڑ پکا کے علاقے دھنوٹ میں پیش آیا جہاں سکول جاتے ہوئے سات سالہ ریحان کھلے مین ہول میں گر گیا، ریسکیو ٹیم نے بچے کو تشویشناک حالت میں باہر نکالا اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث پیش آیا، واقعے نے علاقے میں شدید دکھ اور غصے کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ شہریوں نے انتظامیہ سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پنجاب میں کھلے مین ہولز پر زیرو ٹالرنس کا اعلان

 وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں مین ہولز کی کورنگ اور واٹر سپلائی مینجمنٹ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کی۔

بلال یاسین نے تمام اضلاع کے ایم ڈیز کو واضح ہدایت جاری کی کہ ہر مین ہول کا ڈھکن ہر صورت یقینی بنایا جائے، فنکشنل واسا اضلاع میں اگر کوئی مین ہول کھلا پایا گیا تو متعلقہ افسر براہِ راست ذمہ دار ٹھہرے گا۔

بلال یاسین نے واضح کیا کہ مین ہولز سے متعلق کسی بھی شکایت یا حادثے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں