عمران کی شناخت ملک دشمنی، دہشتگردوں سے بات چیت کی باتیں نہ کریں: خواجہ آصف
سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بھارت سے جنگ کے دوران بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے، ان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے، دہشت گردوں سے بات چیت کی باتیں نہ کی جائیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے محتاط زبان استعمال کی، مجھے آزادی ہے کہ میں ان کے اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتا ہوں، اس قسم کے رویے اختیار کریں گے تو اسی طرح کی زبان استعمال کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہن غیر سیاسی ہیں، انہوں نے بھارتی میڈیا سے جو بات کی کیا وہ کوئی پاکستانی کر سکتا ہے، کیا اس مٹی کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ کے دوران ہمارے دوست، ہمارے بھائی ہمارے ساتھ کھڑے رہے، لیکن ایک سیاسی پارٹی نے وہ کردار ادا نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی ہر چیز پر بولتے ہیں، اس وقت کیوں نہ بولے؟ وہ اس وقت بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان جنگ کے دوران بھی فوج کی قیادت کو نشانہ بناتے رہے، جن لوگوں کا یہ کردار ہو، جن کی زبان سے شہید بھی محفوظ نہ ہو، وہ کس طرح بات کرسکتے ہیں، ان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے، یہ کس طرح اپنے آپ کو پاکستانی کہلوا سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاست کرنی ہے تو ضرور کریں، احتجاج کریں سب کچھ کریں لیکن پاکستان کی سرزمین کو، پاکستان کی غیرت اور اہمیت کو نہ لکاریں، ہم نے بھی فوج پر تنقید کی لیکن سرخ لکیر کبھی پار نہیں کی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ دشمن ممالک نے بھی ہماری شہادتوں پر رنج کا اظہار کیا لیکن اندرون خانہ کچھ سیاسی لوگ وہ کردار ادا نہ کرسکے، اپنے مجاہدین اور شہیدوں کے حق میں آواز تو اٹھائیں، طالبان کے حق میں آواز نہ اٹھائیں، دہشت گردوں کی حمایت نہ کریں، ان کے ساتھ پیار محبت کی باتیں نہ کریں، بھتہ ادا نہ کریں۔