شہباز شریف اور مریم نواز نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ”ماحول دوست سفر سے بڑھتا پنجاب“ ، گوجرانوالہ میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہو گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

شہباز شریف اور مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ کی تختی کی نقاب کشائی کی، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے سنہری بیلچے سے علامتی طور کھدائی کر کے سنگ بنیاد رکھا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی عوامی خدمات کو سراہا اور پوری ٹیم کو شاباش دی، انہوں نے اپنے خطاب میں گوجرانوالہ کے روایتی کھانوں کا ذکر کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ پر خود بریفنگ دی، شہبازشریف اور مریم نواز کی تقریب میں آمد پر عوام نے بلند آہنگ نعرے لگائے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔

ماس ٹرانزٹ سسٹم کے آغاز پر گوجرانوالہ کے عوام کا جوش وخروش قابل دید تھا، تقریب گاہ کے داخلی راستوں کو خوبصورت سٹیمر،ز پینا فلیکس سے سجایا گیا، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے بارے میں معلوماتی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب گاہ میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا خوبصورت تھری ڈی ماڈل حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں