خیبرپختونخوا: سرکاری اداروں میں معلومات کی رسائی سے متعلق فافن کی رپورٹ جاری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری اداروں میں معلومات کی رسائی سے متعلق فافن کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
فافن رپورٹ کے مطابق کےپی کے سرکاری ادارے مطلوبہ معلومات کا صرف 57 فیصد ظاہر کر رہے ہیں، کے پی کے 190 عوامی اداروں کی شفافیت کا جامع جائزہ مکمل ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کےپی آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت بارہ کیٹیگریز کی معلومات لازمی قرار دی گئیں، سیکرٹریٹ اور خودمختار اداروں کی تعمیل 64 فیصد تک پہنچ گئی، منسلک محکمے 50 فیصد سے کم معلومات ظاہر کر رہے ہیں۔
اِسی طرح اوقاف و حج اور معدنیات کے محکموں کی کارکردگی 92 فیصد ریکارڈ ہوئی، آئی ایم سائنسز، سنٹرل جیل پشاور اور پی ڈی اے کی شفافیت 83 فیصد رہی، زرعی یونیورسٹی پشاور نے بھی 92 فیصد معلومات ظاہر کیں، نصف سے زائد اداروں کی شفافیت 50 فیصد سے کم سطح پر رہی۔
فافن رپورٹ میں لکھا گیا کہ متعدد محکمے صرف 17 سے 25 فیصد معلومات ویب سائٹس پر فراہم کر رہے ہیں، تنظیمی ڈھانچے اور فرائض کی معلومات 89 فیصد اداروں نے شائع کیں،قانونی ڈھانچے سے متعلق معلومات 84 فیصد ویب سائٹس پر دستیاب رہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا مالی شفافیت کمزور، صرف 27 فیصد اداروں نے بجٹ تفصیلات شائع کیں، صرف 15 فیصد اداروں نے فیصلہ سازی اور عوامی مشاورت کی معلومات فراہم کیں، سبسڈیز، پرمٹس اور رعایات سے متعلق معلومات شدید کمی کا شکار ہیں،94 فیصد اداروں نے معلوماتی کیٹیگریز بتائیں مگر صرف 29 فیصد نے پی آئی او رابطہ دیا۔
فافن رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ غیر مستقل عمل درآمد سے شہری نگرانی محدود ہو رہی ہے، اداروں کو بروقت اور مستند آن لائن معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔