وزیراعلیٰ بلوچستان نے تربت میں گرین پیپلز بس سروس کا افتتاح کر دیا

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سرکٹ ہاؤس تربت میں گرین پیپلز بس چلا کر پبلک ٹرانسپورٹ سروس کا افتتاح کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نےبس سروس کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربت میں گرین پیپلز بس سروس سے روزآنہ 4500 سے زائد افراد معیاری سفری سہولیات سے مستفید ہوں گے، گرین پیپلز بس سروس کے آغاز سے تربت اور ضلع کیچ کے عوام کو معیاری اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تربت میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس بھی جلد شروع کی جائے گی، پیپلز گرین بس سروس کیچ کے لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے، ایسی پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں جس سے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال ہو تاہم اصلاحاتی ایجنڈے کے نتائج وسیع المدتی ہوتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم نے بند سکول کھولنے کا جو وعدہ کیا تھا اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، مکران ڈویژن میں گودار نمایاں ہے جہاں ایک بھی سکول بند نہیں ہیں اس کے علاوہ میرٹ پر اساتذہ بھرتی ہورہے ہیں، 3200 بند سکول بھی فعال ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا بلوچ نوجوان، دانشوروں اور باشعور طبقات کو سوچنا ہوگا کہ لاحاصل جنگ سے کیا حاصل ہوگا ؟ پڑوسی ملک کی کشیدہ صورتحال سے پورا خطہ متاثر ہورہا ہے۔

حکومت بلوچستان وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر درپیش چیلنجز سے متعلق حکمت عملی مرتب کر چکی ہے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم سے ملاقات میں ان امور پر بھی بات چیت ہوئی ہے، اتفاق رائے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی قومی پالیسی تشکیل دی جاررہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں