ایران کے 51 بحری جہاز تباہ کر دیئے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

فلوریڈا: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے 51 بحری جہاز تباہ کر دیئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ڈرون حملوں میں 83 فیصد کمی آئی ہے، ایران پر اپنی ابتدائی ٹائم لائن سے بہت آگے چل رہے ہیں، اگر ہم حملہ نہ کرتے تو ایران ہم پر حملہ کر دیتا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے ممالک پر حملہ کر دیتا، مجھے 100 فیصد یقین تھا کہ ایران ایک ہفتے میں حملہ کر دیتا، ایران کی ڈرون مینو فیکچرنگ کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، ایرانی ڈرونز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے پاس سستے انٹر سپٹرز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، تیل کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کچھ پابندیاں ختم کر رہے ہیں، ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا کھیل کھیلے گا تو اسے تباہ کردیں گے، ایران میں ایسی تباہی کریں گے کہ وہ کبھی ریکور نہیں ہوسکے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے ہزاروں میزائل تیار کر لئے تھے جنہیں تباہ کردیا، ایرانی رجیم کو دنیا کو یرغمال بنانے نہیں دوں گا، نئے ایرانی سپریم لیڈر ایران کیلئے اسی طرح کی مزید پریشانیوں کی قیادت کرنے جا رہے ہیں، مجتبی خامنہ ای کے انتخاب پر مایوس ہوا، مجھے خوشی ہے کہ وقت سے پہلے ایران کی طاقت کو ختم کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں