9 تا 12 مارچ کے پی، پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 9 سے 12 مارچ 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے جائزہ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 12 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 11 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور گردونواح میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 9 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پرہلکی بارش اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔
استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی یقینی بنا رہا ہے۔