محسن نقوی کی برسلز میں بیلجیئم کے وزیر داخلہ سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو
برسلز: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کا دورہ بلجیئم، برسلز میں بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن سے اہم ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں امیگرنٹس کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے دوطرفہ اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔
دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ ٹریننگ سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اقوامِ عالم کو غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اور مربوط اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن نے انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی ہے، ملاقات کے موقع پر برسلز میں تعینات پاکستانی سفارتکار اور بلجیئم کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔