احسن بھون گروپ پنجاب بار کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدوں پر کامیاب

لاہور: (محمد اشفاق) پاکستان بار کونسل کے الیکشن میں کامیابی کے بعد احسن بھون گروپ نے پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدوں پر بھی میدان مار لیا۔

احسن بھون گروپ کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کے عہدوں پر امیدوار 56، 56 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، مجموعی ووٹرز کی تعداد 75 ہے۔

پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اور چئیرمن ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب کے لیے پنجاب بار کونسل کی عمارت میں الیکشن ہوا، 75 ووٹرز نے دونوں عہدوں کے لیے امیدواروں کا چناؤ کرنا تھا۔

احسن بھون گروپ کے امیدوار دونوں نشستوں پرمنتخب ہوگئے، احسن بھون گروپ کے خواجہ قیصر 56 ووٹ لے کر وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اور فخر حیات بھی 56 ووٹ لے کر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل منتخب ہوئے۔

کامیاب ہونے والے امیدواروں کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، انڈیپینڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، ممبر پاکستان بار کونسل عامر سعید راں سمیت دیگر نے کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب حامد خان گروپ کے امیدوار عمران حسین چھٹہ اور فیصل ملک 18 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، پنجاب بار کونسل کے دونوں عہدوں پر الیکشن کے لیے پنجاب بار کے 75 ممبران نے ووٹ کاسٹ کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں