لاہور میں تھنک فیسٹ 2026 کا آغاز، نجم سیٹھی نے بین الاقوامی فورم قرار دیدیا

لاہور: (دنیا نیوز) تھنک فیسٹ 2026 کا باقاعدہ آغاز آج الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ہوا، افتتاحی سیشن سے چیئرمین تھنک فیسٹ نجم سیٹھی نے خطاب کیا اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ تھنک فیسٹ خیالات، مکالمے اور فکری مباحثے کا ایک بڑا بین الاقوامی فورم بن چکا ہے، جہاں دنیا بھر سے بااثر اور تخلیقی شخصیات شریک ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تین روزہ فیسٹیول میں اہم قومی و عالمی موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔

چیئرمین تھنک فیسٹ نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد میں ادارہ جاتی تعاون اور سپانسرشپ نے بنیادی کردار ادا کیا اور معاون اداروں کی حمایت کے بغیر اس سطح کے ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔

نجم سیٹھی نے حبیب بینک لمیٹڈ کو نمایاں سپانسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بینک نے ماضی میں بھی قومی سطح کے بڑے منصوبوں کی حمایت کی، انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی ابتدائی اسپانسرشپ کا حوالہ دیتے ہوئے حبیب بینک کے چیئرمین سلطان علی الانا اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر رحمت الحسنین کو بھی سراہا گیا، جن کے بارے میں نجم سیٹھی نے کہا کہ نیشنل بینک گزشتہ دو سے تین برسوں سے مسلسل تھنک فیسٹ کی معاونت کر رہا ہے۔

انہوں نے بینک آف پنجاب کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا اور ظفر مسعود کی تخلیقی سوچ کو سراہا، جبکہ عاطف باجوہ کی سابقہ وابستگی کا بھی ذکر کیا، نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی دنوں میں موجود خدشات اور بعد ازاں کامیابی کا حوالہ دیا۔

نجم سیٹھی نے شہریار کو تھنک فیسٹ کا قریبی ساتھی اور مستقل حامی قرار دیتے ہوئے ان کی معاونت پر اظہارِ تشکر کیا۔

سفارتی مشنز میں کینیڈین ہائی کمیشن، یورپی یونین ڈیلیگیشن، نیدرلینڈز، فرانس اور جرمنی کے سفارت خانوں کو سراہا گیا۔ نجم سیٹھی نے یورپی یونین کے سفیر رائمندس کاروبلس، نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ یان سیگرز، فرانس کے سفیر نکولا گالے اور جرمن سفیر انا لیپل کا ذکر کیا۔

انڈس انکلیو کو فیسٹیول سے متعلق تقریبات کی میزبانی پر سراہا گیا جبکہ دیگر سپانسرز میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، او جی ڈی سی ایل، آئی جی آئی انشورنس، انٹرلوپ، پاکستان سٹیٹ آئل، سروس انڈسٹریز، نیسلے پاکستان، دی داؤد فاؤنڈیشن اور اسلامی بینک شامل ہیں۔

افتتاحی خطاب کے اختتام پر نجم سیٹھی نے آج کے کلیدی مقرر پروفیسر ولی نصر کا تعارف کرایا، جو جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے سکول آف ایڈوانسڈ انٹرنیشنل سٹڈیز سے وابستہ ہیں، انہوں نے بتایا کہ پروفیسر ولی نصر ایک معروف ماہرِ بین الاقوامی امور اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔

نجم سیٹھی نے پروفیسر ولی نصر کی تازہ ترین کتاب ’’ایران کی گرینڈ سٹریٹیجی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ایران کی علاقائی اور عالمی پالیسیوں کو سمجھنے میں اہم ہے۔

بعد ازاں پروفیسر ولی نصر کو کلیدی خطاب کے لیے مدعو کیا گیا، جس کے ساتھ ہی تھنک فیسٹ 2026 کے باقاعدہ سیشنز کا آغاز ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں