پاکستان اور گھانا کے درمیان دفاع، معیشت اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
آکرا: (دنیا نیوز) پاکستان اور گھانا کے درمیان پہلی دو طرفہ سیاسی مشاورت کے دوران مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور اگلے سال اسلام آباد میں ہو گا، پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حمید اصغر خان نے کی جبکہ گھانا کی جانب سے چیف ڈائریکٹر وزارت خارجہ سفیر خدیجہ ادریسو نے وفد کی سربراہی کی۔
بتایا گیا کہ پہلی دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوران سیاسی مشاورت اوردونوں ممالک کے فارن سروس تربیتی اداروں کے حوالے سے الگ الگ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی، سیاحت، ثقافت، صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور گھانا میں دہانیوں سے دوستانہ تعاون پر مبنی تعلقات ہیں، ادارہ جاتی بات چیت کا عمل دوطرفہ تعلقات کو مزید بامعنی بنائے گا اور منصوبوں میں تعاون یقینی بنائے گا۔