کراچی کا اختیار صرف یہاں کے باسیوں کے پاس ہونا چاہئے: حافظ نعیم الرحمان
کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کا اختیار صرف کراچی کے شہریوں کے پاس ہونا چاہئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نہ صوبائی کنٹرول، نہ وفاقی کنٹرول، کراچی کے مسائل کا حل صرف بااختیار سٹی گورنمنٹ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کے ووٹوں کی توہین کرکے قبضہ نظام نہیں چل سکتا، کراچی کا اختیار صرف کراچی کے شہریوں کے پاس ہونا چاہئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج عوام سندھ حکومت سے نالاں ہیں، کل وفاق کے خلاف آواز اٹھائیں گے، دنیا کے تمام بڑے شہروں میں بااختیار بلدیاتی نظام کامیاب ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لندن اور نیویارک مغرب میں، تہران اور استنبول مسلم دنیا میں کامیاب مثالیں ہیں، کراچی کے شہری آج بھی 2001 تا 2005 کے دور کو سنہری دور کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان کی قیادت میں سٹی گورنمنٹ نے کراچی کو درست سمت دی، کراچی کے مسائل کا حل مقامی بااختیار حکومت کے بغیر ممکن نہیں۔