بھارت اور یورپی یونین کے درمیان بڑے تجارتی معاہدے ’مدر آف آل ڈیلز‘ پر اتفاق
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت اور یورپی یونین نے ایک بڑے تجارتی معاہدے پر اتفاق کرلیا جسے فریقین نے ’مدر آف آل ڈیلز‘ قرار دیا ہے۔
یورپی یونین کے مطابق اس معاہدے کے تحت یورپی برآمدات کے تقریباً 97 فیصد پر ٹیرف کم یا ختم کر دیے جائیں گے، جس سے سالانہ 4 ارب یورو تک ڈیوٹی کی بچت ہو سکے گی۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’یہ مدر آف آل ڈیلز ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بھارت کے ایک ارب 40 کروڑ عوام اور یورپی یونین کے کروڑوں لوگوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا کرے گا‘۔
یورپی حکام کے مطابق یہ اب تک بھارت کا سب سے جامع اور وسیع تجارتی معاہدہ ہے جس سے یورپ کے زرعی، آٹو موبائل اور خدمات کے اہم شعبوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق معاہدے میں سکیورٹی شراکت داری بھی شامل ہے جس سے دفاعی کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
نریندر مودی کے مطابق اس معاہدے سے بھارت کے ٹیکسٹائل، قیمتی پتھروں اور زیورات، چمڑے کی مصنوعات اور خدمات کے شعبے کو بھی فروغ ملے گا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے ایک بھارتی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد آئندہ 5 سے 6 ماہ کے اندر معاہدے پر باقاعدہ دستخط ہوسکتے ہیں۔