خیبر: پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 اہلکار شہید

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے بڑی کامیابی میں انتہائی مطلوب سمیت 3 دہشتگرد جہنم واصل کر دیئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کی جس میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مشترکہ آپریشن کبل گرام کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کیا گیا جہاں مارے گئے دہشتگرد انتہائی مطلوب تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد فتنہ الخوارج کے سرغنہ نور اسلام کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔

ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے جن میں مقبول احمد، فدا حسین اور سعید الرحمان شامل ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق کبل گرام میں دہشتگردوں کی موجودگی اس بات کی تصدیق ہے کہ یہ کسی بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹارگٹڈ آپریشن انسدادِ دہشتگردی کی حکمتِ عملی میں ایک اہم پیش رفت ہے جس نے فتنہ الخوارج کے منظم نیٹ ورک کو مؤثر انداز میں کمزور کر دیا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ دہشتگرد گروہ ماضی میں چینی باشندوں پر ہونے والے حملوں میں بھی ملوث تھا، دفاعی ماہرین کے مطابق شہید جوانوں کی قربانی قومی سلامتی کے تحفظ کی روشن مثال اور دہشتگردی کے خلاف ریاست کے غیر متزلزل عزم کا عملی ثبوت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں