لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت رجسٹرڈ 32 ہزار 4 سو 88 ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جبکہ سالانہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہو رہے ہیں۔

چار مختلف عہدوں کے لیے 18 امیداروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

صدراتی نشست پر احسن بھون گروپ کے راجہ عامر خان اور حامد خان گروپ کے بابر مرتضی جبکہ سیکرٹری کی نشست پر رائے محمدعلی کھرل، قاسم اعجاز سمرا، لہراسپ حیات ڈاہر اور سجاد حسین تارڑ مدمقابل ہونگے۔

نائب صدر کی نشست پر چوہدری قمر شاہد، سہیل قیصر، شیخ حسیب بن یوسف اور فیصل محبوب ملک میں مقابلہ ہوگا جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر قرۃ العین ورک، بلال ریاض شیخ، چوہدری عبد الحئی گجر، حافظ عثمان لال دین جٹ، ردا نور ملک، سعدیہ نورین مہر، فائزہ نصیر چوہدری ارائیں، ملک علی رضا مدمقابل ہونگے۔

ووٹنگ کے لیے وکلاء ووٹرز کو شناختی کارڈ اور بار کارڈ ساتھ لانا لازمی ہو گا، الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا جبکہ بائیو میٹرک سسٹم پر ووٹ ڈالنے کیلئے 125 کمپیوٹر سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔

ووٹ ڈالنے کیلئے آٹھ پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن میں کیانی ہال، جناح لاونج، کراچی شہدا ہال، اقبال لاونج میں پولنگ بوتھ شامل ہیں، ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم، لیٹیگینٹ سنٹر کے ہال نمبر ایک اور دو میں پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ خواتین وکلاء ووٹرز کیلئے سٹڈی روم میں پولنگ بوتھ بنایا گیا ہے۔

الیکشن ڈے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کر دیے گئے ہیں جبکہ بغیر شناختی کارڈ اور بار کارڈ کوئی وکیل احاطہ ہائیکورٹ میں داخل نہیں ہوسکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں