ایران اور امریکا راضی ہوں تو ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی خبر رساں اداروں نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کیلئے پاکستان، ترکیہ اور مصر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔

الجزیرہ ٹی وی، امریکی جریدے، رائٹرز اور ایکزیوس جیسے اداروں نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور مصر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کیلئے کوشاں اور فریقین کے درمیان کسی معاہدے کیلئے متحرک ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بھی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ اگر فریقین رضامند ہوں تو پاکستان مذاکرات کی میزبانی کیلئے ہر وقت تیار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار رہتا ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ مذاکرات کا انحصار متعلقہ فریقین کی رضامندی پر ہوگا۔

یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب مذاکرات کو لے کر امریکی صدر اور ایرانی قیادت کے بیانات میں تضاد نظر آ رہا ہے، صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ دنوں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ہوئے اور کئی اہم نکات پر اتفاق ہوا، جس سے کشیدگی کے ممکنہ سنگین نتائج سے بچنے کا اشارہ ملا۔

تاہم ایرانی قیادت نے ٹرمپ کے مذاکرات سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے جعلی خبر قرار دیا اور کہا کہ امریکا کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے، اس کے برعکس ٹرمپ نے یہ قیاس کیا کہ جلد ہی جنگ ختم کرنے کیلئے کوئی معاہدہ ممکن ہے۔

 امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام کی میٹنگ اسلام آباد میں ہوسکتی ہے، اسرائیلی میڈیا
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ بات چیت اس مرحلے تک پہنچ رہی ہے کہ رواں ہفتے اسلام آباد میں اعلیٰ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان ایک ممکنہ ملاقات ہو سکتی ہے۔

حتمی معاہدے تک پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے، ایرانی ذرائع
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ سفارتی کوششیں جاری ہیں تاہم اب بھی متعدد اہم معاملات حل طلب ہیں، جن میں سر فہرست یہ مطالبہ شامل ہے کہ امریکا اس جنگ کو ایران کے خلاف جارحیت تسلیم کرے اور ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے۔

اس کے علاوہ ایران نے کسی بھی ممکنہ امریکی مہم جوئی کی صورت میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا حق محفوظ رکھنے کی بات بھی کی ہے، یہ تنازع صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں بلکہ اس میں خلیجی ممالک، اسرائیل اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ اور دیگر فریق بھی شامل ہیں، چنانچہ حتمی معاہدے تک پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

پاکستان خود کو جنگ کے خاتمے کیلئے مرکزی ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے، برطانوی اخبار
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی، پاکستان خود کو ایران کیخلاف جنگ کے خاتمے کیلئے ایک مرکزی ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے، سینئر پاکستانی حکام تہران، وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے درمیان بیک چینلز رابطے کروا رہے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان اپنی عسکری قیادت کے ایران کے ساتھ تعلقات اور ٹرمپ کے ساتھ خوشگوار روابط کو استعمال کر رہا ہے۔

پاکستان، مصر اور ترکیے نے امریکا اور ایران کے پیغامات کا تبادلہ کیا، رپورٹر ایکزیوس
ایکزیوس کے رپورٹر نے امریکی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا ہے کہ پاکستان، مصر اور ترکیے کے ذریعے ہونے والے مذاکرات جاری ہیں، پاکستان، مصر اور ترکیے نے امریکا اور ایران کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔

خبر ایجنسی رائٹرز نے لکھا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پاکستان، ترکیے اور مصر نے کروائے ہیں، اسی طرح امریکی جریدے کے رپورٹر نے کہا کہ پاکستان، مصر اور ترکیے نے بالواسطہ مذاکرات کروائے، پاکستان، مصر اور ترکیے نے امریکی نمائندے سٹیووٹکوف اور عباس عراقچی سے بات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں