صدر آصف زرداری کی ارتھ آور کے موقع پر ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں عوام سے ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ Give an Hour for Earth عوام کو اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے، جبکہ ایک گھنٹے کی علامتی بندش عملی ماحولیاتی اقدامات کی ترغیب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور حالیہ سیلاب، گرمی کی لہریں اور خشک سالی بڑے چیلنجز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسان بدلتے موسمی پیٹرن کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جبکہ شہروں میں بڑھتا درجہ حرارت بجلی کے نظام پر دباؤ کا سبب بن رہا ہے۔
صدر زرداری نے کہاکہ پانی کی دستیابی میں کمی اور سیلاب سے انفراسٹرکچر متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا عالمی اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے مگر خطرات زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیرس معاہدے کے اہداف پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین پاکستان پروگرام کے ذریعے جنگلات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہاکہ ارتھ آور کے موقع پر ہر فرد کو اپنے ماحولیاتی اثرات کم کرنے کی ضرورت ہے اور عوام سے توانائی بچانے اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی۔