خطے کے ممالک سکیورٹی چاہتے ہیں تو ہمارے دشمنوں کو جنگ کیلئے اپنی سرزمین نہ دیں: ایرانی صدر
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سکیورٹی چاہتے ہیں تو ہمارے دشمنوں کو جنگ کیلئے اپنی سرزمین نہ دیں۔
خطے کے ممالک کے نام اہم پیغام میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ترقی اور امن چاہتے ہیں تو اپنی سرزمین کو دشمنوں کے ہاتھوں ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔
— Masoud Pezeshkian (@drpezeshkian) March 28, 2026
صدر نے مزید کہا کہ ایران جارحیت کا حامی نہیں، لیکن اگر کسی ملک کی زمین سے ایران کے بنیادی ڈھانچے یا معاشی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا سخت اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تھا، جس میں آیت اللہ خامنہ ای سمیت وزیر دفاع، آرمی چیف، پاسداران انقلاب کے ارکان، مشیر قومی سلامتی اور دیگر اعلیٰ عسکری شخصیات جاں بحق ہوئیں۔
اس حملے کے بعد سے اب تک اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر حملے جاری ہیں، جن میں اہم فوجی اور سیاسی شخصیات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ متعدد شہری بھی ہلاک ہوئے اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔
اس کے ردعمل میں ایران خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں، تنصیبات اور مفادات کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے، جن میں تیل و گیس کے مراکز بھی شامل ہیں۔ اسی وجہ سے خلیج تعاون کونسل نے امریکا سے مدد کی درخواست کی ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر ایران کے حملے میں کم از کم 15 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔