خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں لاکھوں گاڑیاں غیر رجسڑڈ ہونے کا انکشاف

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں لاکھوں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد حکومت نے صوبے بھر میں تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا دہشت گردی اور دیگر بدامنی کے واقعات میں استعمال ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق صوبے بھر میں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی جبکہ تمام نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی منظم پروفائلنگ بھی کی جائے گی۔

ابتدائی مرحلے میں ضلع دیر لوئر سے گاڑیوں کی پروفائلنگ کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق گاڑیوں کی پروفائلنگ کے لیے باقاعدہ سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے خصوصی اپلیکیشن بھی تیار کر لی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز نے رجسٹریشن کا عمل بروقت مکمل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹائم فریم بھی مقرر کر دیا ہے تاکہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں