کراچی: تیز رفتار ڈمپر نے پولیس گاڑی کو ٹکر دے ماری، 2 اہلکار جاں بحق
کراچی: (دنیا نیوز) سپر ہائی وے گڈاپ ٹاؤن کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے پولیس وین سواروں کو کچل ڈالا۔
حادثے میں پولیس گاڑی میں موجود دو اہلکار سوار تھے، موبائل میں سوار دونوں اہلکار جاں بحق ہو گئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تیز رفتار ڈمپر حیدراباد سے کراچی آرہا تھا، دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشیں ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیا گیا، ڈمپر ڈرائیور کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا، زیر حراست ڈرائیور کی شناخت شہاب الدین کے نام سے ہوئی، دونوں اہلکاروں کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اس کو نیند آگئی تھی، نیند آنے کے باعث ڈمپر سڑک کنارے کھڑی گڈاپ تھانے کی موبائل سے جا ٹکرایا۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ اہل کار مویشی منڈی جانے والے شہریوں کی سکیورٹی پر مامور تھے۔