پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ٹیلی مواصلات و معلوماتی معاشرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ایک مکمل ڈیجیٹل انقلاب کی جانب گامزن ہے اور حکومت ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن کے تحت مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے سے وابستہ تمام ماہرین، اداروں، شراکت داروں اور بین الاقوامی معاونین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال عالمی دن کا موضوع ڈیجیٹل لائف لائنز ایک مربوط دنیا میں مضبوطی و پائیداری کا فروغ پاکستان کے قومی وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل اے آئی پالیسی 2025 مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام ہے جبکہ حالیہ شفاف 5G اسپیکٹرم نیلامی ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے، جسے جی ایس ایم اے نے ابھرتی معیشتوں کیلئے قابلِ تقلید قرار دیا۔

شہباز شریف کے مطابق ملک میں سیلولر اسپیکٹرم 274 میگا ہرٹز سے بڑھا کر 754 میگا ہرٹز کر دیا گیا ہے جبکہ حکومت 5G کے تیز تر نفاذ، قومی فائبرائزیشن پالیسی اور مقامی ڈیوائس مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس میں 2 لاکھ 34 ہزار کلومیٹر سے زائد فائبر آپٹک بیک بون، 6 جدید سب میرین کیبلز، 58 ہزار سیلولر ٹاورز اور 20 سے زائد جدید ڈیٹا سینٹرز شامل ہیں، جو 205 ملین صارفین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی و وسطی ایشیا میں ایک علاقائی ڈیجیٹل مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور CAREC ڈیجیٹل کوریڈور منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ٹی برآمدات 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ ڈیجی اسکلز، نیشنل انکیوبیشن سینٹرز اور سیمی کنڈکٹر ہیومن ریسورس پروگرام جیسے اقدامات نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے آئی ٹی یو/ اقوام متحدہ کے سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں ٹئیر-1 ’رول ماڈل‘ حیثیت حاصل کی ہے، جو ملک کی ڈیجیٹل ترقی کا عالمی اعتراف ہے۔

وزیراعظم نے وزارتِ آئی ٹی، پی ٹی اے، سیلولر آپریٹرز اور شعبے سے وابستہ تمام اداروں اور افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو ایک ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں