امریکہ نے دہشتگردی کیخلاف کوششوں میں پاکستان کو کلیدی شراکت دار قرار دے دیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں پاکستان کو اہم اورکلیدی شراکت دار قرار دے دیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام) کےسربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نےامریکی سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کا ایک قابل اعتماد شراکت دارہے جو خطے میں داعش خراسان کے خلاف جنگ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ساتھ ہماری مضبوط فوجی شراکت داری کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ، یہ ٹھوس اورباہمی کامیابیاں پاکستان اورامریکہ کی دیرینہ دوستی اورمشترکہ عزم کا براہ راست عکس ہیں۔
سربراہ امریکی سینٹکام نے کہا کہ ہمارے وسطی ایشیائی شراکت دار بھی افغان طالبان میں افغانستان سے پنپتی دہشت گردی کے خطرات پر محتاط نظر رکھے ہوئے ہیں، دہشت گردانہ سرگرمیوں اورعلاقائی سیکیورٹی خطرات کےباعث افغانستان واشنگٹن کی توجہ کا محور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی مسلسل موجودگی کے باعث افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق امریکی کمانڈر کا بیان خطے میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں،آپریشنل مہارت اور سٹریٹجک اہمیت کی ایک اوربین الاقوامی توثیق کا ثبوت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایڈمرل کوپر کے جائزے نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی ساکھ کو مضبوط اور قابض افغان طالبان کے زیر اثر پنپنے والی دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو بےنقاب کردیا ہے۔
عالمی ماہرین نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک اہم انسداد دہشت گردی شراکت دار قرار دے کر امریکہ نےعالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہراول دستے کے کردار کو تسلیم کیا ہے، سینٹکام کا یہ جائزہ پاکستان کےاس دیرینہ موقف کی توثیق کرتا ہےکہ افغان طالبان کےزیراثرافغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں علاقائی امن واستحکام کیلئےمستقل خطرہ ہیں۔