چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت بچوں کو تعلیم، ہنر اور باوقار مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن آف پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق بچوں کو تحفظ کے ساتھ تعلیم، ہنر، خود انحصاری اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔

مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل راؤ ندیم اختر، ڈائریکٹر پروگرام فیصل عباس، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کاشف نواز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے بتایا کہ ایم او یو کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیرِ نگہداشت بچوں اور نوعمروں کو مختلف شعبوں میں ووکیشنل ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو فیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن، سلائی، فائن آرٹس، پیٹرن میکنگ اور لوم ویونگ کی تربیت دی جائے گی جبکہ نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے EIFA پراجیکٹ کے تحت بچوں کو مارکیٹ سے ہم آہنگ ہنر سکھائے جائیں گے۔

سارہ احمد کا کہنا تھا کہ ووکیشنل ٹریننگ بچوں کو مستقبل میں باعزت روزگار اور خود انحصاری کے قابل بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن آف پاکستان کے تعاون سے بچوں کی سماجی شمولیت، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور استعدادِ کار میں اضافہ کیا جائے گا۔

سارہ احمد کا کہنا تھا کہ ایم او یو کے تحت اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق آگاہی اور تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے بچوں اور نوعمروں کو سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...