زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 228 بھرتیوں کی تحقیقات کا حکم

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گریڈ 1 سے 22 تک 228 افراد کی بھرتیوں کے معاملے پر جامع تحقیقات کا حکم دے دیا۔

عدالت نے یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کو ہدایت کی ہے کہ تمام 228 بھرتیوں کی قانونی حیثیت، میرٹ اور شفافیت کا جائزہ لے کر معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور تحقیقات کے دوران تمام متعلقہ افراد کو شنوائی کا مناسب موقع فراہم کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے پروفیسر احسان قادر بھابہ سمیت دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم جاری کیا، درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ذوہیب عمران شیخ سمیت دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصل آباد زرعی یونیورسٹی میں چھوٹے ملازمین سے لے کر پروفیسرز تک مجموعی طور پر 228 افراد کو مبینہ طور پر غیرقانونی اور غیرشفاف طریقے سے بھرتی کیا گیا۔

وکیل ذوہیب عمران شیخ نے عدالت کو بتایا کہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے اپنی ریٹائرمنٹ کی رات گئے مبینہ طور پر ان بھرتیوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے۔

وکیل کے مطابق یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے گورنر پنجاب نے بھی ان بھرتیوں کی تحقیقات کے لیے یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کو ہدایات جاری کی تھیں۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے بھرتی کیے گئے افراد نے سینڈیکیٹ کی تحقیقات میں رکاوٹیں پیدا کیں اور بعض افراد عدالتی حکم امتناعی کی آڑ میں تحقیقات سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ قانون کے تحت سرکاری یونیورسٹی میں غیرقانونی، غیرشفاف اور میرٹ کے برخلاف بھرتیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس لیے تمام بھرتیوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے۔

عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کو 228 افراد کی بھرتیوں کی جامع تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران تمام 228 افراد کو شنوائی کا موقع فراہم کیا جائے اور گریڈ 1 سے 22 تک ہونے والی بھرتیوں کے قانونی طریقہ کار، میرٹ اور شفافیت کا جائزہ لیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...