اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت کرانے کا حکم دیتے ہوئے انتخابی شیڈول آج ہی جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سماعت کی، جس میں سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کے حکام پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک چھ مرتبہ حلقہ بندیاں کی جاچکی ہیں، جبکہ چار مرتبہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیا گیا، آخری انتخابی پروگرام 9 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت فروری 2026 میں پولنگ ہونا تھی۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ صدارتی حکم کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہوگئی تھی، جبکہ 14 اکتوبر کو حتمی حلقہ بندیاں بھی شائع کردی گئیں، وزارت داخلہ کو صدارتی حکم کی مدت ختم ہونے سے متعلق دو مرتبہ یاددہانی کے خطوط بھی ارسال کیے گئے۔
اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد بلدیاتی حکومت کے قواعد تاحال فراہم نہیں کیے گئے اور وزارت قانون نے ان قواعد کی منظوری دینے سے بھی انکار کردیا ہے، وفاقی حکومت نے اب تک نیا بلدیاتی قانون نہیں بنایا، جبکہ 2015 کا قانون موجود ہے، اس لیے انتخابات اسی قانون کے تحت کرائے جاسکتے ہیں۔
سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے حقائق کو درست تسلیم کیا، تاہم کہا کہ 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کرانے کی صورت میں اب تک کی گئی کارروائی ختم کرنا پڑے گی۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ اگر 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کرائے جاتے ہیں تو حلقہ بندیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور وزرا کی کمیٹی کی جانب سے متعدد یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں، لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوا، انہوں نے ریمارکس دیے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا ہی نہیں چاہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق بلدیاتی انتخابات قانون کے تحت کرانا لازم ہیں اور الیکشن کمیشن مجبور ہوکر انتخابات کے انعقاد کا حکم دے رہا ہے۔
سماعت کے اختتام پر الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات کرانے کا حکم جاری کردیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انتخابی شیڈول آج ہی جاری کیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کمیشن کا مختصر حکمنامہ بھی پڑھ کر سنایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments