خیبرپختونخوا پولیس کا ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی سے منسلک

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی بار ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے۔ اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں اڑنے والے ہر ڈرون کی نگرانی کرے گا، جبکہ مشکوک ڈرون ریڈار کی حدود میں داخل ہوتے ہی سیف سٹی کنٹرول روم کو الرٹ جاری کرے گا۔

پولیس کے مطابق پشاور میں ایک اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کی نگرانی کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے امن و امان کی صورتحال میں دفاعی اور جارحانہ، دونوں حکمت عملیوں میں معاونت حاصل ہوگی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون یونٹس کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی میں مدد ملے گی۔ پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبے کے ساتھ ڈرون نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔ سیف سٹی ڈرون نظام کے ذریعے صوبے میں کہیں بھی فضائی نگرانی اور آپریشنز کو کنٹرول روم سے براہ راست دیکھا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...