ایبٹ آباد پبلک سکول کے مسائل حل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، گورنر فیصل کریم

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے تعلیمی معیار، انتظامی امور، بجٹ اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر تعلیم سید عامر عبداللہ، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم، ایبٹ آباد پبلک سکول کے پرنسپل اختر قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر سیکرٹری تعلیم اور سکول کے پرنسپل نے گورنر کو ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات، نمایاں کامیابیوں، بجٹ اور مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایبٹ آباد پبلک سکول کا شمار خیبرپختونخوا سمیت ملک کے نمایاں تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے سکول کی تعلیمی خدمات اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ادارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور شعبہ تعلیم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مشیر تعلیم کو ہدایت کی کہ ایبٹ آباد پبلک سکول کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں، مشیر تعلیم کو شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، اس لیے صوبے میں ایبٹ آباد پبلک سکول جیسے مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئیں۔

گورنر نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادارے کی کارکردگی اور پیش رفت سے ہر ماہ آگاہ کیا جائے، جبکہ انتظامی امور اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے ایبٹ آباد پبلک سکول کا جلد دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ادارے کی یومِ والدین کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...