وزیراعظم آزاد کشمیر کا وادی سیماری میں ایکو ٹورازم منصوبے کا دورہ، حکومتی سرپرستی کا اعلان

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے وادی سیماری میں ایکو ٹورازم منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کو قابل تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے حکومتی سرپرستی کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم کو ایکو ٹورازم پراجیکٹ کے فوکل پرسن آصف رضا میر نے منصوبے کا معائنہ کروایا اور علاقے کے قدرتی وسائل کے تحفظ، روزگار کے مواقع اور سیاحتی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ علاقے کے قدرتی ماحول اور وسائل کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحت کے فروغ کیلئے تیار کیا گیا ہے، ایکو ٹورازم پراجیکٹ میں سیاحوں کیلئے فائیو سٹار سہولیات فراہم کرنے پر کام جاری ہے جبکہ منصوبے کی وجہ سے جنگلات اور جنگلی حیات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہاں سرمایہ کاری کا مقصد علاقے کی سیاحتی صلاحیت سے استفادہ کرتے ہوئے مقامی کمیونٹی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے، منصوبے کے تحت قائم ہونے والا انفراسٹرکچر 12 سال بعد مقامی کمیونٹی کو منتقل کرنے کا پلان ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے سیماری ایکو ٹورازم پراجیکٹ کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے منصوبوں کی بھرپور سرپرستی کرے گی، سیاحت کے فروغ کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیماری سڑک کی تعمیر کے ساتھ مقامی نوجوانوں اور بچوں کی تربیت بھی کی جائے گی، سیاحتی سرگرمیوں میں مقامی ثقافت اور روایات کی عکاسی بھی ہونی چاہیے۔

دورے کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس لیاقت علی ملک، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، ڈاکٹر نعیم، عارف عرفی، نوید انجم اور دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...