سیاسی جماعتیں عوامی ریلیف اور عملی اقدامات پر توجہ دیں: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور عوام کی خدمت، جمہوریت اور آئین کی بالادستی ہے، سیاسی جماعتوں کو بیان بازی کے بجائے اپنی توجہ عوامی ریلیف اور عملی اقدامات پر مرکوز کرنی چاہیے۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام مہنگائی، روزگار اور بنیادی سہولیات جیسے مسائل کا حل چاہتے ہیں، حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔
سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ صوبے میں صنعتی زونز کے قیام اور دیگر اقدامات سے عوام کو روزگار کے نئے مواقع میسر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو آگے لانے کی کوششیں کر رہی ہے، سندھ ترقی کرے گا تو پاکستان کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے مقابلے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو پیپلز پارٹی کی طرح سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، سیاسی جماعتوں کو بیان بازی کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور عملی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بی بی نے جمہوریت، عوامی حقوق اور مضبوط وفاق کیلئے اپنی زندگی وقف کی، پیپلز پارٹی ان کے اصولوں پر کاربند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی خدمات کی فراہمی کیلئے کام کر رہی ہے، ہماری ترجیح ایسے اقدامات کرنا ہے جن کے ثمرات عام عوام تک پہنچیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments